.پشاور(عارف خان)سرکاری ملازمین کواغواکرکے قتل کرنےکے بڑھتے واقعات، محکمہ داخلہ نے ایڈوائزری جاری کر دی
خیبرپختونخوا میں شدت پسندوں کی جانب سے سرکاری ملازمین کو اغوا کرکے قتل کرنے کے بڑھتے واقعات کے پیش محکمہ داخلہ نے ایڈوائزری جاری کر دی۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے انسپکٹر جنرل آف پولیس اور تمام انتظامی سیکرٹریز کو ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، لکی مروت اور بنوں ریجن میں شدت پسندی کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر محرم الحرام کے آخری دنوں اور محرم الحرام کی چھٹیوں میں سرکاری ملازمین کا اپنے آبائی علاقوں میں جانا انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلی پنجاب کا 14 اگست سے سولر پینل کی تقسیم شروع کرنے کا فیصلہ
اس حوالے سے محکمہ داخلہ کی جانب سے ایڈوائزری سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں اور افسران کیلئے جاری کی گئی ہے۔جاری ایڈوائزری میں سرکاری ملازمین کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بنوں ریجن میں اہلکاروں اور افسران کو اغوا کے بعد قتل کرنے کے کئی واقعات رونماء ہوئے۔ محرم الحرام کے دوران سرکاری ملازمین کا آبائی علاقوں کو جانا خطرناک قرار دیا گیا ہے۔
لوگوں کو پہلے سے معلوم سفری انداز سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ نے متعلقہ حکام اس حوالے سے سخت اقدامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے ۔ ملازمین کو بھی موجودہ صورتحال کے پیش نظر سفر کے حوالے سے متعلقہ افسران کو آگاہ رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔