وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بجلی کے بلوں میں کمی نہ ہونے کی خبر سنا دی۔
تفصیلات کے مطابق ایک نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بجلی کے بل کم ہونے میں ابھی وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ڈسٹریبیوشن کمپنیوں یعنی ڈسکوز کے بورڈ میں تعینات سیاسی لوگوں کو نکالا جائے اور نجی سیکٹر کے لوگوں کو لایا جائے اور بورڈ کی سربراہی نجی سیکٹر کے فرد کو کرنی چاہئے۔
مزید پڑھیں: بجلی کے نرخوں میں اضافہ، صارفین پر 600 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ہم نے صدارتی آرڈیننس کے ذریعے ایسا کرنے کی کوشش کی لیکن وہ چیلنج ہوگیا۔ اب یہ بل سینیٹ میں ہے اور پھر قومی اسمبلی میں جائیگالیکن قانون سازی میں وقت لگتا ہے۔ ہماری کوشش تھی کہ بورڈز میں یہ تبدیلی اسی وقت کر دی جاتی جب ہم آئے تھے، تعیناتیوں کی نامزدگیاں بھی آگئی ہیں ، سب کچھ تیار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بورڈز میں تبدیلی کی ضرورت اس لئے ہے کہ ہمیں ڈسکوز کونجکاری کی طرف لے جانا ہےاور یہ بھی کوشش کر رہے ہیں کہ صنعتوں کیلئے گروس سبسڈی والا معاملہ کافی حد تک کنٹرول کیا جاسکے۔