سعودی عرب نے پاکستانیوں کے لیے ویزا کی شرائط میں نرمی کرتے ہوئے انہیں 750 ڈالر ماہانہ کریڈٹ یا اس کے مساوی بینک اسٹیٹمنٹ کے ساتھ وزٹ ویزا حاصل کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
نئی شرائط کے مطابق پاکستانی سیاح اب 750 ڈالر ماہانہ کریڈٹ یا اس کے مساوی بینک اسٹیٹمنٹ کے ساتھ سعودی وزٹ ویزا حاصل کرسکتے ہیں۔ 2023 میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 43 فیصد زیادہ پاکستانی سیاحوں نے سعودی عرب کا دورہ کیا اور 2024 میں 2 لاکھ 70 ہزار پاکستانی سیاحوں کی آمد متوقع ہے۔سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو سہولت فراہم کرنے کے لیے کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور ملتان میں چھ سیاحتی دفاتر قائم کیے گئے ہیں جو ویزا درخواست کی رہنمائی، بائیومیٹرک رجسٹریشن، اسٹیٹس ٹریکنگ اور پاسپورٹ کی فراہمی جیسی خدمات فراہم کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بجٹ کے بعد ہنڈا موٹرسائیکلز کی قیمتیں سامنے آگئی
علاوہ ازیں سعودی عرب نے سعودی ایئر لائنز یا فلائی ناس کے ذریعے آنے والے پاکستانی مسافروں کے لیے ٹرانزٹ ویزا متعارف کرا دیا ہے جس کے تحت وہ 96 گھنٹے تک ملک میں قیام کر سکیں گے۔ گزشتہ سال پاکستانی مسافروں کے لیے ایک سالہ ملٹی پل انٹری ویزا بھی متعارف کرایا گیا تھا جس کے تحت وہ ایک سال کے اندر متعدد بار سعودی عرب جا سکتے ہیں اور عمرہ ادا کر سکتے ہیں۔
یہ اقدام ثقافتی تبادلے اور مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے سعودی عرب کی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔ ویزا شرائط میں نرمی سے پاکستانی شہری نہ صرف اپنے دوستوں اور اہل خانہ سے مل سکیں گے بلکہ سعودی عرب کی متحرک ثقافت، تاریخی مقامات اور قدرتی خوبصورتی سے بھی لطف اندوز ہوسکیں گے۔ سعودی عرب سال بھر کا سیاحتی مقام ہے جہاں سیاح ہلکی سردی اور دلچسپ موسم گرما سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔