آئی ایم ایف نے 10جولائی سے پہلے بجلی کی قیمتوں میں 5روپے فی یونٹ اضافہ کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف ) نے ایک بار پھر بجلی کے نرخوں میں کم از کم 5 روپے اضافے کا مطالبہ کردیا۔ ذرائع کے مطابق 10 جولائی سے پہلے بجلی 5 روپے فی یونٹ مہنگی کی جا سکتی ہے، ورچوئل بات چیت کے دوران آئی ایم ایف کو مشکل فیصلے سے آگاہ کیا گیا، آئی ایم ایف کو گیس قیمتوں میں اضافے کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: نیپرا نے گھریلو بجلی صارفین پر فکسڈ چارجز عائد کردیئے
وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف معیشت کی بہتری کیلئے تاحال اقدامات پر مطمئن ہے، نئے قرض پروگرام پر اہم پیشرفت رواں ماہ کے اختتام تک متوقع ہے جبکہ ذرائع بجلی کے نرخوں میں اضافے سے پیشگی اقدامات پر عملدرآمد مکمل ہو جائے گا۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ نئے قرض پروگرام پر سٹاف لیول مذاکرات مئی میں بھی ہوئے ہیں، مئی سے اب تک پاکستان نے بیشتر پیشگی اہداف حاصل کر لیے ہیں۔