ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024جیتنے کے بعد سر حد پارسے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے حوالے سے ہندوستان سے مثبت اشارے ملنے لگے ۔
تفصیلات کے مطابق سیکر ٹری بھارتی کرکٹ بورڈ جے شاہ نے ٹی 20 ورلڈکپ کے بعد اگلے ون ڈے ایونٹ اور ٹیسٹ چیمپئن شپ کو ٹیم کا ہدف قرار د یدیا۔ انڈین کرکٹ بورڈ کی نگاہیں اب پاکستان میں ہونے والی چیمپئن ٹرافی 2025پر جمی ہوئی ہیں ۔
جو ون ڈے فارمیٹ میں پاکستان میں آئندہ برس کھیلی جائے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی )کی جانب سے اس کا مجوزہ شیڈول انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو بھجوا دیا ۔ ٹورنامنٹ کا آغاز 19فروری اور فیصلہ کن معرکہ 9 مارچ کو ہوگا۔
پاکستان میں بھارتی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے شکوک و شبہات پائے جارہے تھے، گزشتہ سال بی سی سی آئی نے ایشیا کپ کے لیے بھی ٹیم کو پاکستان بھیجنے آنے سے انکار کردیا تھا، اس ضمن میں بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے کے حوالے سے جے شاہ کا ایک بیان بھی سامنے آیا۔
جس میں ا نہوں نے چیمپئنز ٹرافی میں ٹیم کو پاکستان بھیجنے کے لیے فی الحال کوئی بات نہیں کی تاہم پی سی بی کا اس بار دوٹوک موقف ہے کہ وہ ہر صورت چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی صرف اپنے ہی ملک میں کرے گا۔
بھارت کے تمام میچز صرف ایک ہی شہر لاہور میں کرانے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔ جے شاہ نے ٹی 20 کی فتح کے حوالے سے کہا کہ جس طرح ہماری ٹیم بہتر ہورہی ہے، ہمارا اگلا ہدف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل اور چیمپئنز ٹرافی ہے۔
جس میں ہمارا یہی پلیئنگ الیون ہو گا ، جس میں سینئر کھلاڑی بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے ۔ ان کا اشارہ روہت شرما اور ویراٹ کوہلی کی طرف تھا جو ٹی 20 انٹرنیشنل فارمیٹ سے تو ریٹائر ہوچکے مگر بدستور ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔
اس طرح دونوں پاکستان میں بھی چیمپئنز ٹرافی کے دوران ایکشن میں دکھائی دے سکتے ہیں۔