بجلی فراہم کرنیوالی کمپنیوں کی مبینہ جعلسازی پکڑی گئی، بجلی کے بلوں میں یونٹس کی ہیراپھیری کا انکشاف سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں مہنگائی کی لہر نے عوام کو پریشان کر رکھا ہے تاہم بجلی کے بلوں نے مہنگائی میں پسی ہوئی عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ صرف غریب ہی نہیں متوسط طبقہ اور امرا کا طبقہ بھی بجلی کے بلوں میں اضافے سے شدید پریشان نظر آتا ہے ۔آئی ایم ایف نے بھی بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا مطالبہ کر رکھا ہے جس کی وجہ سے آئے روز بجلی کی فی یونٹ قیمت بڑھتی ہوئی نظر آتی ہے۔
مزید پڑھیں: بجلی اورگیس کے بھاری بلز سے شیخ رشید کو لگا بڑا جھٹکا، کتنا بل آگیا؟
تاہم اب انکشاف ہوا ہے کہ بجلی فراہم کرنیوالی کمپنیوں کی جانب سے بجلی کے بلوں میں یونٹس کا اضافہ کرنے کی ہیرا پھیری بھی کی جارہی ہے ۔جن صارفین کے استعمال شدہ یونٹس 200سے کم ہیں ان کے یونٹس کو بڑھا دیا جاتا ہے حالانکہ بل میں ہی شائع میٹر کی تصویر میں اصل استعمال شدہ یونٹس اور بل کے یونٹس میں واضح طور پرفرق دکھائی دے رہا ہے ۔بجلی کی قیمتوں میں اضافہ تو اپنی جگہ لیکن کمپنیوں کی مبینہ جعلسازی نے عوام کو مشتعل کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل کچھ بلوں کی تصاویر دیکھیں جن میں میٹر کی تصویر اور بل میں درج یونٹس میں واضح طور پر فرق ہے۔ اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کس طرح غریب اور پریشان عوام کو مزید لوٹا جار ہا ہے۔