منگل کے روز عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کے نرخوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 2 ڈالر کی کمی سے 2326 ڈالر ہوگئی جس کے بعد مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 500 روپے کی کمی ہوئی جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 41 ہزار 500 روپے ہوگئی۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 429 روپے کمی سے 2 لاکھ 7 ہزار 47 روپے ہوگئی۔ دوسری جانب چاندی کی فی تولہ قیمت 2850 روپے پر مستحکم رہی۔
یہ بھی پڑھیں: طالب علموں کیلئے اہم خبر،ہفتے میں اب کتنی چھٹیاں ہونگی؟ حکومت کا اعلان
اس سے قبل اپریل میں مقامی مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 52 ہزار 200 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔ دوسری جانب انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 0.07 فیصد کا اضافہ ہوا ۔ کاروبار کے آغاز پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 20 پیسے سستا ہونے کے بعد 278.42 روپے کا ہوگیا۔ امریکی ڈالر گزشتہ روز پیر کو 11 پیسے کی کمی کے بعد ڈالر 278روپے 62 پیسے پر بند ہوا تھا ۔
حالیہ ہفتوں میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 277-279 روپے کی محدود حد میں ٹریڈ کر رہا ہے، کیونکہ پاکستان بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے بیل آؤٹ پیکج حاصل کرنے کے اپنے منصوبوں پر آگے بڑھ رہا ہے۔ دریں اثنا امریکی ڈالر عالمی سطح پر مضبوط ہوا ہے، اس کی قدر 0.04 فیصد اضافے کے ساتھ 159.64 ین پر پہنچ گئی ہے، اور دیگر کرنسیوں کے مقابلے میں مستحکم ہے۔