صدر پاکستان تحریک انصاف چوہدری پرویز الٰہی نے ڈ ھیل اور ڈیل کا طعنہ دینے والوں کو دبنگ جواب د یتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے ساتھ تھا اور رہوں گا ۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی کے صاحبزادے کی شادی کی تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ رہائی ملنے کے بعد پہلا موقع ہے کہ گھر سے باہر نکلا ہوں ، ڈیل اور ڈھیل کی باتیں کرنے والےکو سمجھ آجانی چاہیے کہ سوا سال جیل میں رہا لیکن بانی پی ٹی آئی کا ساتھ نہیں چھوڑا اور آئندہ بھی ان کے ساتھ ہوں ۔ ان کا ایک سوال کے جواب میں کہنا ہے کہ میرے کچھ رشتہ دار اور محسن نقوی ایسی غلط باتیں کررہے ہیں۔
گرنے پر میری پانچ پسلیاں ٹوٹی ہیں، اللہ تعالیٰ نے میری جان بچائی ہے ۔ پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ پہلے بھی عمران خان کے ساتھ تھا اور آئندہ بھی ان کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا، ڈیل اور ڈھیل کی باتیں کر نے والوں کی یہ غلط فہمی ہے ان کے لیے بہتر یہی ہے کہ وہ اپنے منہ کو لگام دیں ، نہ عمران خان پیچھے ہٹے گا نہ ہی میں پیچھے ہٹوں گا۔ صدر پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم جیل میں ایک دوسرے سے باتیں کرتے رہے ہیں۔
وہ باتیں جلد رنگ لائیں گی، انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف جلد اقتدار میں آئے گی۔ انہوں نے گجرات کی سیٹوں کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مینڈیٹ چوری کرنے والے گجرات کے باسیوں سے پہلے معافی مانگیں، جب تک معافی نہیں مانگتے کوئی بات نہیں ہوگی۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ آج میں سرخرو ہوا ہوں، پرانے ساتھیوں سے مل کرمجھے بے انتہا خوشی ہو رہی ہے ۔