حب پاور کمپنی لمیٹڈکے ذیلی ادارے نےچین کی سب سے بڑی الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی BYDکیساتھ شراکت داری کرکے پاکستان میں الیکٹرک گاڑیاں لانچ کرنے کا عندیہ دیدیا۔
حب پاور کمپنی لمیٹڈ اپنی میگا موٹر کمپنی لمیٹڈ کے ذریعے پاکستان میں BYDآٹو انڈسٹری کمپنی لمیٹڈ کیساتھ ملکر الیکٹر ک گاڑیاں تیار کرے گا۔ اس نئے منصوبے میں حتمی معاہدوں پر عملدرآمد اور اثاثوں کی خریداری شامل ہوگی اور یہ کارپوریٹ اور ریگولیٹری منظوریوں اور رضامندیوں سے مشروط ہے۔چین کی سب سے بڑی الیکٹرک کار کمپنی BYDنے اپنے مقامی پارٹنر میگا کانگلو مریٹ پرائیویٹ لمیٹڈکیساتھ اپریل میں جدید الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔ جبکہ BYDنے’حب پاور‘میگا کانگلو مریٹ پرائیویٹ لمیٹڈاور حلیب فوڈ کمپنی کے تعاون سے پاکستان میں انٹری کا اعلان کیا تھا۔
مزید پڑھیں: وفاقی بجٹ: ہائبرڈ گاڑیوں پر دی گئی ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کا اعلان
یاد رہے کہ سینیٹر فیصل واوڈا کی جانب سے ای وہیکل گاڑیوں پر ٹیکس بڑھانے کی مخالف کی گئی تھی۔ فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ یہ میرا کاروبار ہے، مجھے پتہ ہے کہ کون گاڑیوں پر ٹیکس لگوا رہا ہے، مجھے مجبور نہ کیا جائے میں پبلک میں بتادوں گا۔ فیصل واوڈا کی جانب سے مخالفت کے بعد کمیٹی نے ای وہیکل پر ٹیکس کا معاملہ موخر کر دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری دنیا میں الیکٹرک گاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ 6ماہ میں کس کی شپمنٹ پہنچتی ہے جس کا کسی کو پتہ ہی نہیں تھا۔پالیسی بنا کر جب اس پر نظر ثانی کی جاتی ہے تو مسائل میں اضافہ ہوتا ہے۔ٹیکس اور پالیسیوں میں تبدیلی کی وجہ سے کوئی اس ملک میں انڈسٹری نہیں لگاتا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ میرا کاروبار ہے ، مجھے پتہ ہے گاڑیوں پر ٹیکس کون لگوا رہا ہے۔