ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کے بعد پی سی بی نے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ٹیم کی خراب کارکردگی کے بعد کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جو کھلاڑی پہلے مرحلے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے انہیں سینٹرل کنٹریکٹ میں کمی کا سامنا کرنا پڑے گا جب کہ کچھ کھلاڑی اپنے سینٹرل کنٹریکٹ سے بھی محروم ہوسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: محکمہ موسمیات نے 18 جون سے بارشوں کی پیشگوئی کر دی
پی سی بی یہ قدم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے ساتھ ساتھ ایشیا کپ اور آئی سی سی ورلڈ کپ میں ان کی خراب کارکردگی کی وجہ سے اٹھایا جارہا ہے۔ گزشتہ سال کنٹریکٹ میں تین سال کی توسیع حاصل کرنے کے باوجود ٹیم متاثر کن نتائج دینے میں ناکام رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور اعلیٰ حکام نے رات گئے اس معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔ کھلاڑیوں کی تنخواہوں اور برقرار رکھنے کے حوالے سے فیصلے کیے جائیں گے اور جن کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا انہیں نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ٹی20 ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ امریکا کے خلاف کھیلا تھا اور امریكی ٹیم نے دلچسپ مقابلے کے بعد سپر اوور میں پاکستان کو شکست دے کر ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ کیا تھا۔ اگلے میچ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پاکستان کو میچ میں فتح کے لیے صرف 120 رنز کا ہدف ملا لیکن پاکستانی بیٹنگ لائن یہ ہدف بھی حاصل نہ کر سکی اور میچ میں شکست سے دوچار ہو گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ سندھ کا 26 لاکھ گھروں کے لیے مفت سولر پینلز فراہم کرنے کا اعلان
اس کے بعد پاکستان کی اگلے مرحلے تک رسائی کا انحصار دیگر ٹیموں کی کارکردگی پر تھا لیکن آج امریکا اور آئرلینڈ کے درمیان میچ بارش کی نذر ہونے سے پاکستان کی سپر ایٹ مرحلے میں رسائی کی رہی سہی امیدیں بھی دم توڑ گئی ہیں۔