پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما شیری رحمان نے پاکستان مسلم لیگ ن کے ساتھ ناراضی کی تفصیلات بتا دیں۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کی اسکیمیں بجٹ میں شامل نہیں کی گئیں جب کہ دوسرے اتحادیوں کی شامل کی گئی ہیں ۔ شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کو چاہیے تھا کہ اب تک معاملات میں پیشرفت ہو جانی چاہیے تھی لیکن ایسا نہیں ہوا ۔ ان کا میزبان کے ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ حکومت بناتے وقت دونوں پارٹیوں کے درمیان اتحاد قائم کرنے کے لیے تحریری معاہدہ ہوا تھا۔
مزید پڑھیں :حکومت اورپیپلزپارٹی کے درمیان تعلقات سے متعلق رانا ثناء اللّٰہ کابڑا بیان آگیا
حکومت کو اس معاہدے کی پاسداری کرنی چاہیے تھی لیکن وفاقی کابینہ نے ایسا نہیں کیا ۔ مسلم لیگ ن نے ہم سے مشاورت کرنے میں بہت دیر کر دی ۔ پی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم نے کبھی بھی ذاتیات کی سیاست نہیں کی ، دشمنوں کو بھی دوست بنایا ۔ سیاست میں ٹائمنگ بہت اہم ہوتی ہے، پیش رفت ہورہی ہے مگر بہت دیر میں ہورہی ہے۔ شیری رحمان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں ہمارے ارکان کو فنڈز کیوں نہیں د ئیے جا رہے ؟ ۔ ابھی بھی وقت ہے ڈائیلاگ کے ذریعے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے۔