پاکستان نے ٹی 20 ورلڈکپ کے انتہائی اہم میچ میں بھارت کے خلاف دفاعی حکمت عملی اختیار کرنے اور پلیئنگ الیون میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نیویارک میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں کل مد مقابل آئیں گی، پہلے میچ میں شکست کی وجہ سے پاکستان بھارت کے خلاف فتح حاصل کر کے ایونٹ میں بھرپور طریقے سے واپس آنے کے لیے کوشاں ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف اہم میچ کےلئے پلینگ الیون میں تبدیلی کی جائے گی اور اعظم خان کو ڈراپ کر کے انجری سے نجات پانے والے آل راؤنڈر عماد وسیم کو اسکواڈ میں شامل کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اعظم خان کو نیٹ پریکٹس میں ایک گیند بھی کھیلنے کو نہ مل سکی، اعظم خان پریکٹس کے دوران تنہا کھڑے رہے۔
اعظم خان 14 ٹی 20 میں پاکستان کے لیے صرف 88 رنز بنا سکے ہیں۔
بھارت کے خلاف میچ میں پاکستان ٹیم چار فاسٹ بولرز اور دو آل راؤنڈر کے ساتھ میدان میں اترے گی، اننگز کا آغاز کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان کریں گے۔
قومی ٹیم کے 11 کھلاڑیوں میں کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، عثمان خان اور فخر زمان شامل ہیں۔
اس کے علاوہ افتخار احمد، شاداب خان، عماد وسیم، شاہین آفریدی، حارث رؤف، محمد عامر اور نسیم شاہ بھی ٹیم میں شامل ہوں گے۔