ہم عمران خان کی بے گناہ قید کے ایک ایک دن کا حساب لیں گے، اس دن سے ڈریں جب عمران خان ہمیں آواز دیں گے اور عوام سڑکوں پر ہوگی، علی امین گنڈاپور کا سوات میں جلسے سے خطاب۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے سوات میں تحریک انصاف کے زیر اہتمام جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ایک سوچ اور نظریے کا نام ہےاور نظریے کو جتنا دبایا جائے گا اتنا ہی ابھرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ جو ظلم ہو رہا ہے، یہ کون کر رہا ہے؟ ہمارے مجرم وقت کے حکمران ہیں یا کوئی اور؟ ہمارا مجرم کھل کر سامنے آئے، نشاندہی کرے ہم اس سے حساب لیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا اگر یہ لوگ فسطائیت کرکے سمجھتے ہیں کہ ہم کچھ نہیں سمجھتے تو یہ ان کی غلط فہمی ہے۔ہم اس لئے چپ ہیں کہ ہمارا ظرف ہے، ہماری خاندانی اور سیاسی تربیت ہے۔ اگر جس دن عمران خان نے ہمیں آواز دی تو ہم نکلیں گے پھر آپ کی داستان بھی نہیں ہوگی داستانوں میں، ملک کیساتھ بہت مذاق ہوگیا اب اس مذاق کا سلسلہ بند ہونا چاہئے۔
وزیراعلیٰ نے فاٹا میں ٹیکس لگانے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ بغیر مینڈیٹ کے اقتدار میں بیٹھے لوگ سابق پاٹا اور فاٹا میں ٹیکس لگانے کی باتیں کر رہے ہیں،پہلے ان ٹیکسوں کا حساب دیا جائے جو وفاقی حکومت پہلے سے وصول کر رہی ہے۔ہم وفاق سے اپنے حقوق لے کر اپنے عوام پر خرچ کریں گے۔
انہوں نے دھمکی دی کہ جو ہمیں ہمارا حق نہیں دے گا وہ اسلام آباد کیا پاکستان میں نہیں رہ سکتا۔ جب تک وزیر اعلیٰ ہوں کسی کا باپ بھی سابقہ فاٹا اور پاٹا میں ٹیکس نہیں لگا سکتا۔ علی امین گنڈاپور نے کہاملک میں آئین کو کئی بار توڑا گیا ہے۔آئین توڑنے کی سزا موت ہے، آئین توڑنے والوں کو آئین کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جس کیس میں 300 دن قید رکھا گیا آخر میں پتہ چل گیا کہ اس کیس میں کجھ بھی نہیں تھا۔ ہم عمران خان کی بے گناہ قید کے ایک ایک دن کا حساب لیں گے۔ اس دن سے ڈریں جب عمران خان ہمیں آواز دیں گے اور عوام سڑکوں پر ہوگی،پھر کوئی بھی اسلام آباد میں آرام سے نہیں بیٹھ سکے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیری نکلے تو تین دن میں ہوا نکل گئی اور اگر پختون نکلے تو پتہ نہیں کیا ہوگا۔ہم اپنے حق کے لیے لڑیں گے اور مریں گے۔عمران خان کو اس لئے جیل میں ڈالا گیا کیونکہ اس نے قوم کی خود مختاری، فلسطین، کشمیر اور اسلام کی بات کی۔وہ وقت دور نہیں ہمیں ہمارا مینڈیٹ بھی ملے گا اور عمران خان بھی رہا ہوگا اور دیگر قائدین بھی ہمارے ساتھ ہونگے۔
وزیراعلیٰ نے کہا صوبے میں ترقی، روزگار اور دیگر تمام مسائل مل کر حل کریں گے،ترقی صرف باتوں سے نہیں عمل سے ہوتی ہے۔ہمارے کام ہمارے الفاظ سے زیادہ بولیں گے۔ شوت ستانی کے خلاف ہم نے اعلان جنگ کیا ہے عوام ہمارا ساتھ دیں، جو جنگل کاٹتا ہے عوام اس کے ہاتھ کاٹ دیں، میں عوام کا ساتھ دوں گا۔