کراچی: سندھ پولیس نے آن لائن ڈرائیونگ لائسنس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت شہری اپنے گھروں میں آرام سے لائسنس حاصل کر سکیں گے اور اس کی تجدید کر سکیں گے۔
یہ فیصلہ آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جہاں ڈی آئی جی ڈی ایل برانچ سندھ نے شرکاء کو آن لائن سروس کے بارے میں بریفنگ دی۔ڈی آئی جی کے مطابق آن لائن سروس اگلے ہفتے شروع کی جائے گی جس سے شہری لائسنسنگ اتھارٹی کا دورہ کیے بغیر بین الاقوامی ڈرائیونگ لائسنس سمیت اپنے ڈرائیونگ لائسنس کے لیے درخواست دے سکیں گے اور تجدید کر سکیں گے۔ آن لائن سہولت سے شہری فیس ادا کرسکیں گے اور میڈیکل سرٹیفکیٹ اور فٹنس فارم سمیت مطلوبہ دستاویزات جمع کراسکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: زرتاج گل قومی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کی پارلیمانی لیڈر مقرر
آئی جی غلام نبی میمن نے اس امید کا اظہار کیا کہ آن لائن سروس سے شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس تک آسان اور بلا تعطل رسائی حاصل ہوگی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ڈرائیونگ لائسنس کے ڈیٹا کو ڈیجیٹائز کرنے اور ریکارڈ رکھنے میں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے یہ بھی تجویز دی کہ شہریوں کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لئے مستقبل میں ایک موبائل ایپ متعارف کرائی جاسکتی ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ شہریوں کو لائسنس حاصل کرنے یا تجدید کرانے کے لئے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ اور دیگر ضروری دستاویزات جمع کرانا ہوں گی اور بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی اپنے لائسنس کی آن لائن تجدید کروا سکتے ہیں۔ توقع ہے کہ آن لائن سروس لائسنسنگ کے عمل کو ہموار کرے گی اور لائسنسنگ حکام پر بوجھ کو کم کرے گی۔