مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں ایک بار پھر آگ لگ گئی ، آگ مونال ریسٹورنٹ کے قریب لگی ہے ، آگ جنگل سے پھیلتے ہوئے سڑک تک پہنچ گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے فائر اینڈ ریسکیو کا عملہ آگ بجھانے میں مصروف ہے ۔ ڈی سی اسلام آباد کے مطابق مارگلہ ہلز پر آگ خیبرپختونخوا کی حدود میں لگی ہے ۔ آگ بجھانے کے لیے سی ڈی اے کی ٹیمز موقع پر موجود ہیں۔ عرفان نواز میمن کا کہنا ہے کہ بریگیڈ کے 36 اہلکار آگ بجھانے میں مصروف ہیں، آگ کو اسلام آباد کی حدود میں روکنے کے لیے فائر والز بنا لی گئی ہیں، انہوں نے کہا کہ انتظامیہ خیبرپختو خوا حکومت کے ساتھ مشترکہ کوششیں کر رہی ہے، عرفان نوازمیمن نے امیدظاہر کی ہےکہ آگ پر جلدقابو پا لیا جائے گا ۔ یاد رہے کہ 15 دن کے دوران مارگلہ کی پہاڑیوں پر آتشزدگی کا یہ چوتھا واقعہ پیش آیا ہے ۔ مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں ہر سال بالخصوص مئی سے جولائی کے دوران کئی مرتبہ آگ لگ جاتی ہے جو جنگلات اور جنگلی حیات کو سخت نقصان پہنچانے کا سبب بنتی ہے۔
جنگلات کی آگ کی متعدد وجوہ ہو سکتی ہیں جن میں کچھ قدرتی بھی ہوتی ہیں تاہم غالب امکان ہے کہ ہمارے ملک میں مارگلہ اور اس طرح دیگر جنگلات میں لگنے والی آگ انسانی غفلت ہی کا نتیجہ ہوتی ہے ، یا جان بوجھ کر آگ لگائی جاتی ہے۔ حالیہ دنوں میں محکمہ جنگلات کی طرف سے مارگلہ کی پہاڑیوں پر آگ لگانے کے شبہ میں 15 افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کرایا گیا ہے اور تین افراد کی گرفتاری بھی عمل میں آئی ہے۔ جنگلات اور ماحولیات کو نقصان پہنچانے پر سخت تادیبی کارروائی عمل میں لانی چاہیے۔ متعلقہ حکام کو آگ بجھانے کے طریقہ کار پر بھی نظرِ ثانی کرنے کی ضرورت ہے کہ آخر کیا وجہ ہے کہ آگ بجھانے کے فوری بعد دوبارہ آگ لگ جاتی ہے۔