وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے ساتھی سفارتکار دیار خان کی پراسرار موت کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو خط لکھ کر سفارتکار دیار خان کی موت کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ خط میں ڈاکٹر دیار خان کی موت کی وجہ این ایم سی کے جونئیر سٹاف کی جانب سے ہتک آمیز رویے کو قرار دیا جارہا ہے۔
سینئر افسران کا خط میں کہنا ہے کہ ڈاکٹر دیار خان کو این ایم سی ٹریننگ کے دوران ایک پریزینٹیشن کے باعث جونئیر افسران نے شدید تنقید اور ہتک عزت کا نشانہ بنایا۔ دیار خان اس پریزینٹیشن پر ہونیوالی تنقید کو برداشت نہیں کر پائے اور انہیں شدید تنائو کا سامنا کرنا پڑا جس کا نتیجہ دل کے دورے کی صور ت میں نکلا۔
وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے سیکرٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی کے زریعہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو خط لکھ کر دیار خان کی موت کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔جبکہ خط پر وزارت خارجہ کے گریڈ 20اور 21 کے 15 سے زائد افسران کے دستخط بھی موجود ہیں۔