سپین، آئرلینڈ اور ناروے کے بعد چوتھے یورپی ملک سلووینیا نے بھی فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کے فیصلے کی منظوری دیدی۔
تفصیلات کے مطابق خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سلووینیاکے وزیر اعظم رابرٹ گولوب کا گزشتہ روز دارالحکومت لوبیانا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم نے فلسطین کو ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کرنےکا فیصلہ کر دیا ہے۔ سلووینیا کے وزیراعظم رابرٹ گولوب کا کہنا تھا کہ ہم نے بین الاقوامی اصولوں کے عین مطابق فلسطینی عوام کا حقِ ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کیا۔ پارلیمنٹ کی اسپیکر اُرسکا کلاکوکار زوپانچ نے لوبیانا میں پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کے حوالے سے سلووینیا کےارکان پارلیمنٹ منگل کو ووٹنگ میں حصہ ڈالیں گے۔
مزید پڑھیں:امریکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سابق صدر کو سزا، ڈونلڈ ٹرمپ تمام 34 الزامات میں مجرم قرار
ان کا پریس کانفرنس میں مزید کہنا تھا کہ فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کے حوالے سے پارلیمنٹ کا سیشن منگل کو شام 4 بجے منعقد ہوگا۔ واضح رہے کہ یورپی ممالک کی جانب سے فلسطین کو بطور آزاد ریاست تسلیم کرنے کا سلسلہ جاری ہے تاکہ غزہ میں بمباری روکنے کےلیے اسرائیل پر دباؤ ڈالاجا سکے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز برازیل نے غزہ آپریشن کے حوالے سے اختلافات اور بالخصوص رفح میں اسرائیلی بمباری کے خلاف احتجاج کے طور پر اپنا سفیر اسرائیل سے واپس بلالیا تھا۔