لاہور: پنجاب میں سبزیوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سبزیوں کی قیمتیں گزشتہ 6 سال کی کم ترین سطح پر آ گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سبزیوں کی قیمتوں میں 100 فیصد تک کمی ہوئی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید بتایا کہ تین ماہ قبل 250 روپے فی کلو فروخت ہونے والا پیاز اب 100 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ، ٹماٹر کی قیمت 37 سے 40 روپے فی کلو، جبکہ آلو کی قیمت 60 سے 70 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔ بھنڈی کی قیمت بھی 150 روپے فی کلو تک کم ہو گئی ہے۔
وزیر اطلاعات نے اس بہتری کا سہرا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو دیا۔ انہوں نے بتایا کہ مریم نواز کی ذاتی دلچسپی اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو متحرک کرنے کی وجہ سے سبزیوں کی قیمتیں کم ہوئی ہیں۔ مریم نواز ہفتے میں ایک بار پرائس کنٹرول پر میٹنگ کرتی ہیں تاکہ قیمتوں کو کنٹرول میں رکھا جا سکے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ کوشش کی جا رہی ہے کہ عید الاضحیٰ پر بھی سبز مصالحہ جات کی قیمتوں کو برقرار رکھا جائے۔