پاکستان کا ایک اور کمیونیکیشن سیٹلائٹ پاک سیٹ ایم ایم ون آج خلا میں لانچ کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی سیٹلائٹ چین کے شی چانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلا میں بھیج دیا گیا ہے۔ یہ سیٹلائٹ جدید ترین مواصلاتی آلات سے لیس ہے جس کے ذریعے طول و عرض میں تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جا سکے گی۔ سیٹلائٹ پاک ایم ایم ون زمین سے 36ہزار کلومیٹر کی بلندی پر خلا میں داخل کیا جائیگا۔ سیٹلائٹ کو زمین سے خلا میں پہنچنے میں تین سے چار روز لگ سکتے ہیں۔ سیٹلائٹ ای کامرس، ای گورننس اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ ایم ایم ون سیٹلائٹ سپارکو اور چینی ایرواسپیس انڈسٹری کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: مواصلاتی سیٹلائٹ سے عوام کو کیا فوائد میسر ہونگے؟
پاک سیٹ ایم ایم ون ٹیلی ویژن نشریات، سیلولر فون اور براڈ بینڈ سروس بہتر بنانے میں مدد فراہم کرے گا۔ پاک سیٹ ایم ایم ون رواں برس اگست میں سروسز دینا شروع کردے گا۔ یہ سیٹلائٹ کے اے بینڈ 10گیگا بائٹس فی سیکنڈ صلاحیت کا حامل ہے۔ اس وقت پاکستان کے 2کمیونیکیشن سیٹلائٹس خلا میں موجود ہیں۔ پاک سیٹ ون آر 2011میں لانچ کیا گیا تھا، اس کی لائف 15سال تھی جو کہ 2026میں مکمل ہوگی۔ پاکستان کا ایک اور ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ بھی خلا میں موجود ہے پی آر ایس ایس ون جو کہ 2018میں لانچ کیا گیا تھا۔