قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آئی سی سی ٹی 20ورلڈکپ کے ایمبیسیڈر شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ اعظم خان کی فٹنس اجازت نہیں د یتی کہ اس کو ٹیم کے قریب آنے دیاجائے ۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے وکٹ کیپر بیٹراعظم خان کی کارکردگی سے متعلق کھل کر گفتگو کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اعظم خان کی تعریف کیے بغیر بھی نہیں رہ سکتا وہ مضبوط ہے اس کی بیٹنگ پاور فل ہے ۔ میزبان کے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ انگلش کنڈیشنز میں کیپنگ کے دوران وہ گیند اس لیے پکڑ رہا ہے کہ بال اوپر آتا ہے لیکن ویسٹ انڈیز پیچز میں بال نیچے رہے گی۔ اس کے لیے وہاں مشکلات پیش آ سکتی ہیں ۔ اس فٹنس کے ساتھ وہاںکیپنگ کی ذمہ داریاں سنبھالنا اعظم خان کے لئے آسان نہیں ہو گا ۔ میری یہ دعا ہے اللہ نہ کرے ان کو ورلڈکپ 2024میں مشکلات کا سامنا ہو۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیز کے گراؤنڈز پر آپ کو اپنا جسم نیچے رکھنا پڑے گا ۔ میں ان کے لیے دعا کے علاوہ کچھ نہیں کر سکتا ۔ خیال رہے کہ قومی کرکٹر اعظم خان کی پاکستان ٹیم میں سلیکشن پر کئی سابق کرکٹرز انہیں اس سے قبل بھی تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں چونکہ وہ ان کی فٹنس سے مطمئن نہیں ہیں ۔ اعظم خان کو انٹر نیشنل کونسل( آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ یہ بھی ذہن نشین ر ہے کہ انگلینڈ اور قومی کرکٹ ٹیم کے مابین کھیلی جانے والی4 میچوں پر مشتمل جاری ٹی ٹوئنٹی سیریز میں محمد رضوان کی جگہ اعظم خان ہی وکٹ کیپنگ کر رہے ہیں۔