عدالت نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو اڈیالہ جیل سے رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار الیاس تنویر کی ڈپلومیٹک پاسپورٹ استعمال کرنے کے کیس میں ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم جاری کر دیا ہے۔ سردار تنویر الیاس کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ ان دفعات کے تحت زیادہ سے زیادہ سزا تین سال ہے لہٰذا ملزم کو ضمانت ملنی چاہئے، پاسپورٹ بھی واپس کر دیا گیا۔ ایف آئی اے حکام نے کیس کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیاجبکہ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے سردار تنویر الیاس کی ضمانت کی مخالفت کی۔
مزید پڑھیں: اڈیالہ جیل سے ایک منظم پروپیگنڈا ملک بھر میں پھیلایا جا رہا ہے، عظمیٰ بخاری
بعد ازاں جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے ایک لاکھ کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظورکی اور سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ روبکار جاری ہونے کے بعد سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو اڈیالہ جیل راولپنڈی سے رہا کر دیا گیا۔
واضح رہے سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر کو 20 مئی کو مارگلہ پولیس نے گرفتار کر لیا تھا۔