فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ہدایات پر موبائل کمپنیوں نے نان فائلرز کی 11 ہزار 252 موبائل سمز بلاک کردیں۔
ترجمان ایف بی آر کے مطابق انکم ٹیکس جنرل آرڈر کے تحت موبائل سمز بلاک کی گئیں ہیں ،ترجمان ایف بی آرکے مطابق 22 مئی تک 11 ہزار252 سمز بلاک کی جا چکی ہیں ، مزید نان فائلرز کیخلاف کارروائی جاری ہے۔ ایف بی آر ٹیکس کمپلائنس اور کلچر کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے اور انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والے افراد کے خلاف کارروائی کر رہا ہے۔ ایف بی آر کے مطابق 2023 کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کے خلاف انکم ٹیکس آرڈیننس کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا پیغام موصول ہوا آپ کے باہر آکر قیادت کرنے کا وقت آگیا ہے، حماد اظہر
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق نان فائلرز سم کی بندش سے بچنے کے لیے فوری طور پر انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرائیں تاکہ کارروائی سے بچا جا سکے۔نان فائلرز کے خلاف کریک ڈاؤن ایف بی آر کی ٹیکس ریونیو بڑھانے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
قبل ازیں ایف بی آر نے 9ہزار سے زائد نان فائلرز کی موبائل سمز بلاک کی تھیں۔ نان فائلرز کی موبائل سمز بلا ک کرنے کے معاملے پرایف بی آر کا کہنا ہے کہ اب تک 9ہزار موبائل فون سمز بلاک کی جا چکی ہیں۔ ایف بی آر نے ٹیلی کام کمپنیوں کو 30ہزار موبائل فون سمز بلاک کرنے کا ڈیٹا بھیجا ہوا ہے۔ ترجمان ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ایف بی آر ٹیلی کام کمپنیوں کو روزانہ کی بنیاد پر 5ہزارنان فائلرز کی سمز بند کرنے کیلئے ڈیٹا بھجوا رہا ہے۔ پی ٹی آے کے پاس سمز بند کرنے کا اختیار نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا حکومت کا پہلی مرتبہ وفاقی حکومت سے پہلے بجٹ پیش کرنے کا اعلان
ترجمان ایف بی آر کا کہنا تھا کہ ایف بی آر انکم ٹیکس کے سیکشن 114کے تحت سمز بند کرنے کیلئے ٹیلی کام کمپنیوں کو فہرست بھجوا رہا ہے۔ ایف بی آر نے 5لاکھ 6ہزار 671نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے کی لسٹ شائع کی تھی۔ اس مقصد کیلئے انکم ٹیکس جنرل آرڈر 2024پہلے ہی جاری کیا گیا ہے۔ ایف بی آر کے مطابق نان فائلرز کی ٹیلی فون سمز بند کرنے کا فیصلہ پارلیمنٹ کا ہے، حکومت کے فیصلے پر ہر حال میں عمل درآمد کرنا ہوگا۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی اے کا موقف ہے کہ ہمارے پاس سم بند کرنے کا حکم جاری کرنے کا اختیار نہیں۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی اے نے خود کو فون بند کرنے کے مسئلے سے علیحدہ کرلیا ہے۔