پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ رؤف حسن پر حملے کے بعد عمران خان کا پیغام موصول ہوا کہ اب آپ کے باہر آکر قیادت کرنے کا وقت آگیا ہے، مراد سعید سمیت اب تمام روپوش رہنما باہر آئیں گے۔
گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے مرکزی رہنما حماد اظہر اور میاں اسلم اقبال کئی ماہ کی روپوش کے بعد منظر عام پر آئے تھے ۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنمائوں حماد اظہر اور میاں اسلم اقبال کو حکومت مخالف تحریک چلانے کیلئے روپوشی ختم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ گزشتہ روز تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کئی ماہ بعد اپنی رو پوشی ختم کر کے اسلام آباد میں پی ٹی آئی سیکرٹریٹ پہنچ گئے وہاں موجود کارکن حیران رہ گئے۔
یہ بھی پڑھیں: آج نہیں تو کل ان کو اڈیالہ میں بیٹھے شخص سے بات کرنی پڑے گی، روف حسن
حماد اظہر گزشتہ سال 9 مئی کے بعد سے روپوش تھے اور اب تقریباً ایک سال بعد منظر عام پر آئے ہیں۔ گزشتہ روز سنٹرل سیکرٹریٹ پہنچنے پر انہوں نے کہا کہ کل مجھے بانی تحریک انصاف کا پیغام موصول ہوا کہ اب آپ کے باہر آنے کا وقت ہو گیا اور یہاں سے پشاور جا کر قبل از گرفتاری ضمانت لے کر عدالت میں پیش ہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے مجھے کہا گیا تھا کہ تم پر تشدد ہو گا اس لیے روپوش ہو جاؤ لیکن اب رو پوشی ختم کر دی۔ حماد اظہر نے مزید کہا کہ مراد سعید سمیت اب پارٹی کے تمام روپوش رہنما یا ہر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں عدالتوں پر یقین رکھتا ہوں اور پشاور ہائیکورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کر کے پھر پنجاب کی عدالتوں میں اپنے مقدمات لڑوں گا۔
حماد اظہر کی مرکزی سیکرٹریٹ میں موجودگی کی اطلاع ملتے ہی اسلام آباد پولیس کے اہلکار انھیں گرفتار کرنے کے لیے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ پہنچ گئے لیکن حماد اظہران کے ہاتھ نہ آئے ۔ پولیس اہلکاروں نے پی ٹی آئی رہنما کی گرفتاری کے لیے سیکرٹریٹ کے ایک ایک کمرے کی تلاشی لی مگر وہ ان کو وہاں سے تلاش نہ کر سکی۔ پولیس نے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ ملازمین سے پوچھ گچھ کی۔
رؤف حسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے بغیر وارنٹ کے سیکرٹریٹ پر چھاپہ مارا ہے، ہم نے وارنٹ مانگا تو کہتے ہیں کہ تم ہوتے کون ہو ہم سے وارنٹ مانگنے والے، ہمارے ملازمین کو بھی باہر سے اندر نہیں آنے دیا جا رہا، ان کا کہنا تھا یو این کا وفد بھی ادھر موجود ہے، ان کی موجودگی میں چھاپہ مارا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کیساتھ تھا، ہوں اور رہوں گا، پرویزالٰہی
بانی پی ٹی آئی نے تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کے بعد میاں اسلم اقبال کو بھی منظر عام پر آنے کی ہدایت کر دی۔ ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی جانب سے حماد اظہر اور اسلم اقبال کوحکومت مخالف تحریک چلانے کیلئے منظر عامپر آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔