سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ صائم ایوب اچھا کھلاڑی ہے میں پُر امید ہوں کہ وہ اپنا عمدہ کھیل پیش کرے گا ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں معین خان کرکٹ اکیڈمی میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کرکٹ کی دنیا میں بوم بوم کے نام سے مشہور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اپنے دور میں بالروں کو تگنی کا ناچ نچانے والے شاہد خان آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو صائم ایوب جیسے پلیئر کی ضرورت ہے جو شروع کے 6اوور میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرے اور ٹیم کے لیے اچھا ٹارگٹ سیٹ کر سکے۔ پاکستان کو ایک اچھے اوپنر کی ضرورت ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں امریکا کی وکٹیں بیٹرز کے لیے سازگار ہوں گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ گرین شرٹس کو ٹی 20ورلڈ کپ کا فائنل لازمی کھیلنا چاہیے ۔ شاہد خان آفریدی نےمزید کہا کہ
بھارت کے سابق ٹیسٹ کپتان اور سٹار بلے باز ویرات کوہلی نے پاکستان آکر کرکٹ کھیلنے کے حوالے سے مثبت طرز عمل اپنایا ہے، مجھے ان سے ایسی ہی بات کی توقع تھی۔ انہیں ویلکم کرتا ہوں چاہے وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں آئے۔ پاکستان آ ئے یا بھارتی کرکٹ ٹیم کے ساتھ آئے۔ ایک سوال کے جواب میں شاہد خان آفریدی نے کہا کہ حارث اور صاحبزادہ فرحان کے ساتھ نا انصافی کی گئی۔ ان دونوں کو قومی اسکواڈ کا حصہ ہونا چاہیے تھا ۔ اپنے داماد اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر سابق آل راؤنڈرکا مزید کہناتھا کہ وہ ان سے کرکٹ پر کم بات کر تے ہیں، وہ کافی ذہین ہے اس کو میں نے کہا ہے کہ کرکٹ پر فوکس رکھے۔