عمران خان کا خوف حکمرانوں کو چین سے نہیں بیٹھنے دے رہا، پرویز الہٰی

عمران خان کا خوف حکمرانوں کو چین سے نہیں بیٹھنے دے رہا، پرویز الہٰی

پرویزالٰہی کا کہنا ہےکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے لئے مذاکرات کی حامی بھری ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے مرکزی صدر چوہدری پرویزالٰہی کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے لیے مذاکرات کی حامی بھری ہے۔ احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ( ن) کے اندر اس وقت دو بیانیے چل رہے ہیں ایک مذاکرات کے حق میں ہے اور دوسراحکمران طبقہ مذاکرات سے راہ فرار چاہتا ہے، ان کا کہنا تھا پاکستان کے سیاسی اور معاشی حالات عمران خان سے مذاکرات کرنے کے بعد ہی بہتر ہو سکتے ہیں، تمام سیاسی جماعتیں اپنا اپنا مثبت رول ادا کریں تب ہی ملک میں استحکام پیدا ہوگا۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ عام انتخابات اور پھر ضمنی الیکشن میں عوام نے مسلم لیگ (ن) کو مسترد کیا، فارم 47 والی حکومت عوام کو کسی صورت قبول نہیں۔

عمران خان کی رہائی کا خوف جعلی حکمرانوں کو چین سے نہیں بیٹھنے دے رہا ہے، نااہل حکمران کب تک عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کو جیل میں بند رکھیں گے، انشاء اللہ بہت جلد سب عوام میں ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر مسئلہ کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالا جا سکتا ہے، لگتا ہے مسلم لیگ (ن)مذاکرات کے لیے سنجیدہ نہیں، علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ مذاکرات ہی موجودہ بحران سے نکلنے کا واحد راستہ ہیں ، عمران خان اپنی ذات نہیں بلکہ ملک و قوم کے لیے مذاکرات پر رضا مند ہوئےہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ اس بار تو کسان بھی گندم بیچنے کے لیے رُل رہے ہیں لیکن ان کی ٹک ٹاک پنجاب حکومت لمبی تان کر سورہی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *