سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے قومی ہاکی ٹیم کو 3 کروڑ روپے کی انعامی رقم کا چیک دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے قومی ہاکی ٹیم نے ملاقات کی ، ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ نے قومی ہیروز کی انعامی رقم 20 لاکھ سے بڑھا کر 3 کروڑ کرنے کا اعلان کیا اور انہیں انعامی رقم کا چیک بھی دے دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے 13 سال بعد قومی ہاکی کی واپسی ہوئی اور ٹیم نے قومی فخر کو دوبارہ بحال کیا، قومی ہاکی ماضی میں پاکستان کے لئے باعث فخر تھی۔ ان کا کہنا تھا امید ہے قومی ہاکی ٹیم اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرے گی۔
مزید پڑھیں:پاکستان نے آئرلینڈ کو فیصلہ کن میچ میں شکست دے کر ٹی ٹونٹی سیریز جیت لی
وزیر اعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں وعدہ کرتی ہوں، وزیراعظم شہباز شریف اور میری طرف سے قومی ہاکی کو مکمل سپورٹ ملے گی۔ مریم نواز نے وزیر کھیل کو ہاکی سے متعلق اقدامات اٹھانے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے سابق وزیر اعظم بانی پی ٹی آئی عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ماضی میں اسپورٹس مین کے دورمیں اکیڈمیز بند کی گئیں، اس شخص کے دور میں تو کھیلوں کو فروغ ملنا چاہیے تھا۔