وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ آئندہ بجٹ میں تکمیل کے قریب منصوبوں کو فنڈز کی فراہمی میں پہلی ترجیح د یں گے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی زیر نگرانی اگلے مالی سال 2025کے ترقیاتی پروگرام کی تیاری سے متعلق اجلاس منعقد ہوا ، اجلاس میں میں سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کے لئے محکمہ آ ب نوشی، آ ب پاشی اور مواصلات کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ان محکموں کے جاری منصوبوں کے لئے فنڈز الوکیشن اور دیگر امور کا بھی تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔ وزیراعلیٰ کے پی کے سردار علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ جاری منصوبوں خصوصاً تکمیل کے قریب پہنچنے والے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا، ان پر کوئی کمپروزمائزنہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ایسے منصوبے شامل نہیں کئے جائیں جن پر مقررہ وقت میں عمل درآمد ممکن نہ ہو سکے۔
اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے ضرورت کی بنیاد پر ترجیحی منصوبے تجویز کئے جائیں گے۔ صوبائی وزیر اعلیٰ سردار علی امین گنڈا پور کا مزید کہنا تھاکہ نئے پراجیکٹس میں ان علاقوں کو ترجیح دی جائے جہاں پہلے کام نہیں ہوایا جو پسماندہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا سالانہ ترقیاتی پروگرام میں صرف وہ سکیمیں شامل کی جائیں جو ہر لحاظ سے قابل عمل ہواور جو منصوبے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل ہوں ان کے لئے سالانہ خاطر خواہ فنڈز مختص کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت پشاور کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں فلٹریشن کے منصوبے تجویز کئے جائیں، جنوبی اضلاع میں پینے کے پانی کے مسئلے کو حل کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔