بین الاقوامی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے پاکستان میں مہنگائی میں کمی جبکہ سرکاری ذخائر میں مسلسل اضافے کی پیشنگوئی کر دی۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2028تک پاکستان میں مہنگائی کی شرح 6.5فیصد تک گر جائیگی۔ مالی سال 2027میں بھی مہنگائی کی شرح 6.5فیصد تک رہے گی۔مالی سال 2026میں مہنگائی کی شرح 7.6فیصد رہے گی۔رپورٹ کے مطابق آئندہ مالی سال پاکستان میں مہنگائی کی شرح 12.7 فیصد رہے گی،آئی ایم ایف نے آئندہ 4 سالوں میں جی ڈی پی گروتھ میں بھی مسلسل اضافے کی پیش گوئی کی ہے ،جس کے مطابق 2028 تک پاکستان کی جی ڈی پی گروتھ 5 فیصد تک پہنچ جائے گی، آئی ایم ایف نے چار سالوں میں سرکاری ذخائر میں مسلسل اضافے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ 2028 میں پاکستان کے سرکاری ذخائر 20.2 ارب ڈالر ہو جائیں گے۔
مزید پڑھیں: پاکستان، آئی ایم ایف مذاکرات، تعارفی سیشن ختم، بجٹ اہداف طے
آئی ایم ایف نے پاکستان کنٹری رپورٹ جاری کردی۔ جس میں آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کی معیشت میں بہتری کا اعتراف کیا گیا ہے۔ کنٹری رپوڑٹ کے مطابق معاشی استحکام کے باوجود پاکستانی معیشت کو خطرات کا سامنا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں مہنگائی میں بتدریج کمی آرہی ہے اور معاشی استحکام کے ساتھ معتدل شرح نمو واپس آئی ہے۔ مزید یہ کہ پاکستان کی معاشی آؤٹ لُک کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے، مضبوط اور پائیدار معاشی ترقی کیلئے پالیسی اصلاحات جاری رکھنا ہوں گی۔ آئی ایم ایف کی جانب سے مالی اہداف پر سختی سے عمل درآمد اور غریب طبقے کے تحفظ اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر زور دیا گیا ہے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ مارکیٹ بیسڈ ایکسچینج ریٹ کی پالیسی برقرار رکھی جائے، پاکستان کے معاشی استحکام کے آثار مضبوط ہیں۔