دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں گرین شرٹس نے آئرلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔
ڈبلن کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ نے پاکستان کی ٹیم کو جیت کے لئے 194 رنز کا ہدف دیا تھا، قومی کرکٹ ٹیم نے مطلوبہ ہدف 16.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور صرف 13 رنز کے اسکور پر یکے بعد دیگر دو وکٹیں گر گئیں، صائم ایوب 6 رنز اور کپتان بابر اعظم صفر پر پویلین لوٹ گئے۔دو وکٹیں جلدی گرنے کے بعد وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور فخر زمان نے ٹیم کو سہارا دیا اور شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ محمد رضوان 75 رنز کے ساتھ ناٹ آ ؤٹ رہے جب کہ فخر زمان نے 78 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد بیٹنگ کے لیے آ نے والے اعظم خان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 10 گیندوں پر 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 30 رنز بنائے۔
پاکستان نے 16.5 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز کا ہدف پورا کرلیا۔ آئرلینڈ کی طرف سے مارک ایڈیر، گراہم ہیوم اور بین وائٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا، آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے تھے۔ آئرش ٹیم کی طرف سے لورکن ٹکر 51 ، ہیری ٹییکٹر 32، گیرتھ ڈیلانی 28 اور کرٹس چیمپر 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی طرف سے شاہین آفریدی نے 3، عباس آفریدی نے 2، محمد عامر اور نسیم شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہونا تھا تاہم بارش کی وجہ سے میچ تقریباً 40 منٹ تاخیر سے شروع ہوا۔ دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی کامیابی کے بعد تین میچز پر مشتمل سیریز ایک، ایک سے برابر ہوگئی۔اس سے قبل جمعہ کو کھیلے گئے پہلے میچ میں آئرلینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔
پاکستان اسکواڈ : بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب، محمد رضوان، فخر زمان، اعظم خان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، عباس آفریدی، محمد عامر
آئرلینڈاسکواڈ: پال اسٹرلنگ (کپتان)، مارک ایڈیر، اینڈریو بلبرنی، کرٹس کیمفر، گیرتھ ڈیلانی، جارج ڈوکریل، گراہم ہیوم، ہیری ٹییکٹر، لورکن ٹکر، بین وائٹ، کریگ ینگ