امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اپوزیشن اتحاد کا حصہ بننے سے انکار کردیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جو زیادہ گندم امپورٹ کی گئی ہے تو اس پورے عمل میں ایک جیسے لوگ موجود تھے، نگرا ن اور پی ڈی ایم حکومت ایک ہی جیسی تھی، نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے بیان پر ان کو حفاظتی تحویل میں لینا چاہیے جس میں انہوں نے حنیف عباسی کو بولا تھا کہ اگر میں نے فارم 47 سے متعلق ساری باتیں بتادیں تو سب بے نقاب ہوجائے گا اور تم کہیں کے بھی نہیں رہو گے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی نے گرینڈ ڈائیلاگ کی پیشکش مسترد کر دی
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ کاکڑ صاحب کو حفاظتی تحویل میں لیا جائے اور ان سے تحقیقات کی جائیں اور پوچھا جائے کہ جب پیسے کی کمی تھی تو کیوں1 ارب ڈالر کی گندم در آمد کی گئی اور کون لوگ یہ کام کر رہے تھے؟ گندم ابھی بھی امپورٹ ہوئی، اب لوگ فصل اگانے پر ہچکچائیں گے،کبھی یوریا غائب ہوجاتی ہے، تو کبھی بلیک میں بکتی ہے۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ گوادر کے ماہی گیروں کو مسائل کا سامنا ہے، سی پیک میں بلوچستان کے لئے کوئی حصہ نہ ہو تو ملک میں احساس محرومی پیدا ہوتی ہے، بلوچستان میں گیس نکلنے کے باوجود فراہم نہیں کی جارہی، ایسے موقع کا فائدہ بیرونی قوتیں اٹھاتی ہیں، پھر ریاست کہتی ہے کہ رٹ قائم کرنی چاہیے تو اس سے پہلے ریاست کو اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی بند گلی میں چلی گئی، سینیٹر عرفان صدیقی
انہوں نے بتایا کہ جس طرح انتظامات کیے جارہے ہیں اور فارم 45 کے بجائے فارم 47 سے حکومتیں قائم کی جارہی ہیں، اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا، ابھی جو حکومت ہے وہ جعلی ہے، اس کا عوامی رائے سے کوئی تعلق نہیں، ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) کو عوام نے مسترد کردیا لیکن پھر بھی ان کو ہم پر مسلط کردیا ہے، جب تک فارم 47 کی حکومت رہے گی پاکستان کے آگے بڑھنے کے امکانات معدوم ہیں۔ اس لئے ہمارا مطالبہ ہے کہ چیف جسٹس فارم 45 سے متعلق جوڈیشل کمیشن قائم کریں اور کہیں کہ لوگ فارم 45 لے کر آئیں اور جو جیتا ہے اسی کو حکومت دی جائے، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل در آمد نہیں کیا مخصوص نشستوں کے حوالے سے یہ تو حال ہے ہمارے اداروں کا۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر، جوائنٹ ایکشن کمیٹی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بلوچستان میں ریڈی ایشن کا انڈیکس سب سے زیادہ ہے، بلوچستان آئل اور گیس کے ذخائر سے مالا مال ہے،محمود خان اچکزئی کی زیرصدارت اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کا حصہ بننے سے متعلق سوال کے جواب میں امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی مقصد کے لئے اشتراک عمل کسی سے بھی کرسکتی ہے مگر کسی اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی۔