وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا عدالتی نظام ایسا ہے کہ کوئی فیصلہ نہیں ہوتا، پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف ، تحریک انصاف( پی ٹی آئی )کے بانی عمران خان کی رہائی کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف ایک پیج پر ہیں، اس کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے۔ رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ اگر کوئی مسلم لیگ (ن) کی سیاست نہیں دیکھ رہا تو ہمیں انہیں دکھانا پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام میں کیا۔ ان کا تفصیلی انٹرویو ہفتے کی رات 10 بج کر 5 منٹ پر نشر کیا جائے گا جس کی میزبانی سینئر صحافی و تجزیہ کار سلیم صافی کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان ملتوی
نجی ٹی وی کی جانب سے انٹرویو کے اہم نقطے شیئر کیے گئےہیں جس میں رانا ثنا نے کہا کہ پاکستان کا عدالتی نظام ایسا نظام ہے جو فیصلے نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے9 مئی واقعات پر معافی مانگیں، نواز شریف تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی رہائی کیلئے تیار ہیں لیکن ہمیں پی ٹی آئی کی طرف سے بھی لچک نظر آنی چاہیے،انکا کوئی لیڈر کہہ رہا ہوتا ہے کہ ہم ان تین پارٹیوں ن لیگ ، پیپلز پارٹی اور ایم کیوایم سے مذاکرات نہیں کریں گے اور دوسرے دن ایک اور رہنما کہہ رہا ہوتا ہے کہ ہم مذاکرات کیلئے تیار ہیں، حکومت ہماری طرف اپنا وفد بھیجے ۔
یہ بھی پڑھیں: بجلی کی بڑھتی قیمتیں، سولر پینل پاکستانیوں کے لیے پرکشش آپشن بن گئی
انکا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ کے قائد میاں نواز شریف اور صدر شہباز شریف میں کوئی اختلاف نہیں ہے ،ہمارے مخالفین تو کب سے پروپیگنڈہ کرتے آرہے ہیں ۔لیکن نواز شریف اور شہباز شریف ایک ہی صفحے پر ہیں اور اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ خان کا مزید کہنا تھا کہ اگر کسی کو مسلم لیگ (ن) کی سیاست نظر نہیں آرہی تو ہمیں دکھانا پڑے گی۔