عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز جمعرات کو عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔ جولائی کے لیے برینٹ کروڈ فیوچر 57 سینٹ یا 0.7 فیصد اضافے سے 84.15 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا جبکہ جون کے لیے ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 56 سینٹ یا 0.7 فیصد اضافے سے 79.55 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ امریکہ میں گزشتہ ہفتے خام تیل کی انوینٹری میں 1.4 ملین بیرل کی کمی ہوئی اور یہ 459.5 ملین بیرل تک پہنچ گئی۔
جاری اعداد و شمار کے مطابق اپریل میں دنیا میں خام تیل کے سب سے بڑے درآمد کنندہ چین کو مجموعی طور پر 44.72 ملین میٹرک ٹن یا تقریبا 10.88 ملین بیرل یومیہ کی شپمنٹ موصول ہوئی۔ یہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 5.45 فیصد زیادہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی، چینی اور آٹے کی سرکاری قیمت کا اعلان
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ اپریل میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 4 فیصدسے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیاتھا۔ مشرق وسطی میں کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی سپلائی میں تعطل آنے کے خدشات کے تحت عالمی منڈی میں خام تیل کے نرخ 4.2 فیصد تک گر گئے تھے تاہم بعد ازاں 2.4 فیصد کے اضافے کے ساتھ برینٹ خام تیل 2.63 ڈالر مہنگا ہوگیاتھا، اس کی نئی قیمت 89.74 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی جبکہ امریکی خام تیل(ڈبلیو ٹی آئی) 2.56 ڈالر مہنگا ہونے کے بعد 84.66 فی بیرل پر پہنچ گیا تھا۔