خیبر پختونخوا میں گورنر راج نہیں عوامی راج ہوگا، علی امین گنڈاپور

خیبر پختونخوا میں گورنر راج نہیں عوامی راج ہوگا، علی امین گنڈاپور

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ ہم 9 مئی کو یوم سیاہ کے طور پر مانتے ہیں اور اس کی مذمت بھی کرتے ہیں۔

گورنر راج کی دھمکی دینے والوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ خیبر پختونخوا میں صرف عوام کا راج چلے گا، خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگایا تو گورنر ہاؤس پر قبضہ کر لیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام ڈ ی آئی خان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ 9 مئی کو ہم بھی یوم سیاہ کے طور پر مانتے ہیں اور اس کی مذمت بھی کرتے ہیں لیکن یہ تعین کرنا بھی ضروری ہے کہ 9 مئی کا واقعہ کروانے والے کون ہیں ؟ انہوں نے کہا کہ ہم قوم کو بتا کر دم لیں گے کہ 9 مئی کروانے والے کون ہیں اور اس کا فائدہ کس کو ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پہلے ہی بتایا تھا مجھ پر حملہ ہو گا، مجھے جیل میں ڈالا جائے گا اور میری پارٹی کو ختم کرنے کی کوشش کی جائے گی، عمران خان کی کہی ہوئی ساری باتیں سچ ثابت ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی سے پہلے ہونے والی وارداتوں کا خود گواہ ہوں، اگر میں نے منہ کھولا تو اس نظام کا پول کھل جا ئیگا اور لوگ کسی کو چہرہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔

اگر ہم چپ ہیں تو یہ ہمارا ظرف ہے کیونکہ ہم اصلاح چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی کو پی ٹی آئی والوں کے گھروں میں خواتین کی بے پردگی کی گئی، کارکنان کیخلاف جعلی پرچے کاٹےگئے، ہم 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں اور کر نیوالوںکی بھی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ 9مئی کے سارے ثبوت ہمارے دلوں میں دفن ہیں اور اگر یہ ثبوت باہر آگئے تو ملک کا نقصان ہو گا، اس سب کے باوجود بھی عمران خان اب بھی اصلاح کی بات کرتے ہیں، علی امین گنڈا پورنے کہا کہ اس وقت بھی ہماری خواتین، کارکنان اور لیڈر جیل میں ہیں، بانی پی ٹی آئی بیگناہ جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں، عمران خان یہ جنگ ہمارے بچوں کیلئے لڑرہا ہے، اگر ہم نے ان کا ساتھ نہ دیا تو ہماری نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔

وزیر اعلیٰ کے پی کےکا مزید کہنا تھا کہ میں ایسی کرسیوں پر لعنت بھیجتا ہوں جو مجھے عمران خان سے دور کرے اور گورنر راج کی دھمکی دینے والوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ خیبر پختونخوا میں صرف عوام کا راج چلے گا۔ صرف اور صرف عوام کا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں دوسری دھمکی گورنر راج کی دی گئی، تو پھر جواب یہ ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگایا تو گورنر ہاؤس پر قبضہ کر لیں گے، وزیراعلیٰ ہاؤس بھی ہمارا ہو گا، گورنر ہاؤس بھی ہمارا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات 2024 میں ہمارے ساتھ دھاندلی نہیں بلکہ دھاندلا ہوا ہے اور انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہمارا مینڈیٹ واپس کیا جائے اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کورہا کیا جائے، ہم چار قدم آگے بڑھنے کو تیار ہیں۔ بانی پی ٹی آئی اپنے لئے نہیں عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کیلئے عمران خان کا بھر پور ساتھ دیا جائے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *