پاکستان کے نامورٹی وی میزبان اور سیا ست دان عامر لیاقت حسین مرحوم کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے کیس میں عدالت نے یوٹیوبر یاسر شامی کو ملزم قرار دے دیا۔
جس کے بعد ملزم یاسر شامی نے عدالت میں خود کوسرنڈر کیا کردیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے عامر لیاقت حسین مرحوم کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے کیس کا فیصلہ سنایا ، کیس کی سماعت کے دوران عامر لیاقت حسین کی سابقہ اہلیہ ملزمہ دانیہ شاہ عدالت میں حاضر ہوئیں۔ اس دوران ملزم یاسر شامی نے خود کو سرنڈر کیا اور ضمانت کی درخواست دی
5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا عدالتی حکم
دوسری جانب عدالت نے ضمانت منظور کر تے ہوئے یاسر شامی کو 5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ عدالت نے ملزم یاسر شامی کو ایف آئی اے کے سامنے پیش ہوکر بیان ریکارڈ کرانے کا حکم بھی دیا۔ یاد رہےکہ عدالت نے کیس میں پیش نہ ہونے پر معروف یوٹیوبر یاسر شامی کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کئے تھے اور ملزم کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔ عدالت کی بار بار طلبی کے باوجود ملزم یاسر شامی عدالت میں پیش نہیں ہورہے تھے۔
دانیہ ملک کیس کی اصل ملزمہ ہیں ، سابق اہلیہ بشریٰ اقبال
عامر لیاقت نازیبا ویڈیوزکیس کی مرکزی ملزمہ مرحوم کی سابقہ اہلیہ دانیہ شاہ ضمانت پر رہا ہیں، ملزمان کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم سیل میں مقدمہ درج ہے۔ دریں اثناء عامر لیاقت حسین مرحوم کی سابق اہلیہ سیدہ بشریٰ اقبال نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر وارنٹ گرفتاری کا سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اب کیس میں دو افراد پر الزامات ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ پہلا الزام دانیہ ملک پر ہے جنہوں نے نازیبا ویڈیوز بنائیں اور ان کو جان بوجھ کر لیک کیا۔ عامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ نے دعویٰ کیا کہ یوٹیوبر یاسر شامی نے دانیہ ملک سے ویڈیوز حاصل کرکے اپنے چینل پر چلایا اور وہ وائرل ہوگئیں۔انہوں نے اس ا مید کا اظہار کیا کہ ایف آئی اے یاسر شامی کو گرفتار کرکے عدالت پیش کرے گی اور عامر لیاقت حسین کو انصاف ملے گا۔
کیس یاسر شامی کی وجہ سے التواء کا شکار تھا، وکیل لیاقت گبول
عدالت پیشی کے موقع پر ملزمہ دانیہ شاہ کے وکیل لیاقت گبول نے بتایا کہ یہ کیس یاسر شامی کی وجہ سے التواء کا شکار تھا۔ لیاقت گبول ایڈووکیٹ کا ہی کیس کے اوائل میں عدالت کو بتایا تھا کہ اصل قصور وار یاسر شامی ہیں جن کی وجہ سے یہ معاملہ آگے بڑھا۔وکیل لیاقت گبول کے مطابق کیس کی اگلی سماعت 23 مئی 2024 کو ہوگی اور اسی دن یاسر شامی کی ضمانت میں توثیق پر دلائل د ئیے جائیں گے۔