لاہور ائیرپورٹ کا انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن بحال ہوگیا

لاہور ائیرپورٹ کا انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن بحال ہوگیا

لاہور ائیرپورٹ کا انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن کئی گھنٹوں کے تعطل کے بعد بحال ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ائیرپورٹ پر آتشزدگی کے بعد سے بند انٹرنیشنل فلائٹس آپریشن بالآخر بحال ہوگیا ہے۔ ایوی ایشن کے مطابق آتشزدگی کی وجہ سے تباہ لاہور ائیرپورٹ کا امیگریشن سسٹم رات 10بجے دوبارہ آن کر دیا گیا ہے۔ جس کے بعد اب ائیرپورٹ پر بین الاقوامی فلائٹس کی آمد اور روانگی دستیاب ہے۔ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایس سسٹم بحال ہونے پر انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

 

کوالالمپور سے باٹک ائیر کی پرواز او ڈی 131 کی لاہور ائیرپورٹ پر پہلی لینڈنگ ہوگی۔ لاہور سے بین الاقوامی پروازوں کی روانگی رات 12 بجے کے بعد متوقع ہے۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق آپریشن کی بندش سے 4 بین الاقوامی پروازوں کو اسلام اباد اتارا گیا، امیگریشن کے بعد مسافروں کو ڈومیسٹک ٹرمینل سے لاہور لایا گیا۔ آتشزدگی کے بعد لاہور کیلئے بین الاقوامی اور مقامی لگ بھگ 24 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ واضح رہے کہ لاہور ائیرپورٹ کے لاؤنج میں آگ بھڑکنے سے ائیرپورٹ پر امیگریشن کا عمل متاثر ہوا اور لاہور سے پہلی حج پرواز کو بھی روک دیا گیا۔ ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق آگ امیگریشن کاؤنٹر کی سیلنگ میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی تھی۔

دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور ائیرپورٹ پر آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کرنے کا حکم جاری کیا۔ائیرپورٹ پر پی آئی اے اور نجی ائیرلائنز کی پروازیں تاخیر کا شکار تھیں۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی تھی کہ مسافروں کی سہولت کے لیے امیگریشن کاونٹر کو جلد فنکشنل کیا جائے۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق عازمین حج کے لیے بنائے گئے خصوصی امیگریشن ایریا میں شارٹ سرکٹ ہوا اور علی الصبح شارٹ سرکٹ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر قابو پالیا گیا۔ترجمان نے کہا کہ حج اور دیگر انٹرنیشنل فلائٹس کو ڈومیسٹک سائیڈ سے ڈیل کیا جارہا ہے، فلائٹ آپریشنز رات تک بحال ہونے کی توقع ہے، مزید کہنا تھا کہ لاہور ایئرپورٹ لینڈ کرنے والی فلائیٹس کی عارضی طور پر مینول امیگریشن کی جارہی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *