شیر افضل مروت کو پی ٹی آئی کی سیاسی و کور کمیٹی سے نکالنے کے بعد اعظم سواتی اور سالارکاکڑ نے بھی کورکمیٹی چھوڑ دی۔
تفصیلات کے مطابق اعظم سواتی اور سالار کاکڑ موجودہ کورکمیٹی و سیاسی کمیٹی کے حصہ نہیں رہنا چاہتے۔بتایا جارہا ہے کہ اعظم سواتی اور سالار کاکڑ کے موجودہ سیاسی و کور کمیٹی کے حوالے سے شدید تحفظات ہیں۔ سالار کاکڑ نے کور کمیٹی اورسیاسی کمیٹی کا واٹس ایپ گروپ بھی چھوڑ دیا ہے۔
مزید پڑھیں: میری شیر افضل مروت سے کوئی لڑائی نہیں، عمر ایوب
اس سے قبل اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے بتایا کہ عمران خان نے شیر افضل مروت کوکور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی سے نکالنےاور شوکاز جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔ عمر ایوب کا کہنا تھا کہ شیر افضل مروت نے سعودی حکومت سے تعلقات خراب کرنے کی کوشش کی۔ بانی پی ٹی آئی کے ولی عہد پرنس محمد بن سلمان کے ساتھ نہایت اچھے تعلقات ہیں۔
مزید پڑھیں: شیر افضل مروت پی ٹی آئی قیادت پر برہم، سنگین الزامات کی بوچھاڑ
دوسری جانب تحریک انصاف کے حمایت یافتہ رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ مجھے عہدوں کا لالچ نہیں،پارٹی کی آفیشل میڈیا ٹیم میرے خلاف ہے، وہ جس ایجنڈے کیلئے نکلے تھے وہ ایجنڈا آج ختم ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی کو اس وقت اٹھایا جب مردہ گھوڑا بن گئی تھی۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں شبلی فراز اور عمرایوب رکاوٹ ہیں، دونوں کا کچا چٹھا کھولوں گا۔واضح رہے کہ تحریک انصاف نے شیر افضل مروت کو متنازع بیانات دینے پر سیاسی کمیٹی اور پارٹی کے واٹس ایپ گروپ سے نکال دیا ہے۔