شیر افضل مروت کی پارٹی کیخلاف بغاوت، موجودہ قیادت کیساتھ کام نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔
تحریک انصاف کے حمایت یافتہ رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ مجھے عہدوں کا لالچ نہیں،پارٹی کی آفیشل میڈیا ٹیم میرے خلاف ہے،وہ جس ایجنڈے کیلئے نکلے تھے وہ ایجنڈا آج ختم ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی کو اس وقت اٹھایا جب مردہ گھوڑا بن گئی تھی۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں شبلی فراز اور عمرایوب رکاوٹ ہیں، دونوں کا کچا چٹھا کھولوں گا۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے شیر افضل مروت کو متنازع بیانات دینے پر سیاسی کمیٹی اور پارٹی کے واٹس ایپ گروپ سے نکال دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت کی طرف سے شیر افضل مروت کے حالیہ بیان پر ایکشن لیتے ہوئے انہیں پارٹی معاملات سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہیں سیاسی کمیٹی کے واٹس ایپ گروپس سے نکال دیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان غیر ضروری بیانات اور رویے کی وجہ سے شیر افضل مروت سے خفا ہیں۔ پی ٹی آئی قیادت نے شیر افضل مروت کو سیاسی کمیٹی اور کور کمیٹی سے بھی نکالنے کی تجویز دی تھی۔
عمران خان کی شیر افضل مروت کو کور کمیٹی سے نکالنے کی ہدایات
پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب نےکہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے شیر افضل مروت کو کورکمیٹی اور سیاسی کمیٹی سے نکالنےکا حکم دیا ہے۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ عمران خان نے شیر افضل مروت کو شوکاز جاری کرنےکا حکم دیا ہے، انہوں نےکہا کہ شیر افضل مروت نے سعودی حکومت سے تعلقات خراب کرنےکی کوشش کی۔عمر ایوب کا کہنا تھا کہ شیرافضل مروت کو بانی پی ٹی آئی نے بہت عزت و احترام دیا ہے، شیرافضل مروت کو بارہا پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی نہ کرنےکی ہدایات دیں، بانی پی ٹی آئی نےکہا کہ سعودی حکومت کے ساتھ ذاتی تعلقات کو شیر افضل مروت نے زک پہنچائی، بانی پی ٹی آئی کے ولی عہد پرنس محمد بن سلمان کے ساتھ نہایت اچھے تعلقات ہیں۔