وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی میں ناکامی پر نو مئی کا پلان تیار کیاگیا، آج امریکا کو ایبسلوٹلی ناٹ کہنے وال امریکی سفیر سے ملاقاتیں کرتے پھر رہے ہیں ، نو مئی میں ملوث تمام کردار وں کے ثبوت موجود ہیں ۔
خواجہ آصف نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی تاریخ میں 9 مئی کا واقعہ پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، واقعے میں ملوث شرپسندوں کو آئین اور قانو ن کے مطابق سزا ملنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شہدا نے ملک کی خاطر اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں ، دہشتگردی جیسے ناسور کیخلاف پاک فوج اور سول ادارے مل کر جنگ لڑ رہے ہیں، پی ٹی آئی کی حکومت نے حکومت میں آکر ملک کو بحرانوں کا شکار کیا ، آرمی چیف کی تعیناتی کو متنازع بنانے کی کوشش کی، آرمی چیف کی تقرری صرف وزیراعظم کا استحقاق ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مسلح افواج کی 9 مئی واقعات کی مذمت، مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عزم
خواجہ آصف نے کہا کہ 9 مئی کو سوچی سمجھی سازش کے تحت ادارے کے تقدس کو پامال کرنے کی کوشش کی گئی ، پی ٹی آئی کے کارکنان سانحہ نو مئی میں ملوث تھے جس کے تانے بانے 2014 کے دھرنے سے شروع ہو ئے تھے ۔ وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ یادگار شہداء کو نذر آتش کیا گیا جو کہ انتہائی افسوسناک ہے ، بھارت نے بھی کیپٹن شیر خان شہید کی تکریم کی۔9مئی میں ملوث افراد کو سزا ملنی چاہیے ۔ وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کو ایبسلوٹلی ناٹ کہنے والے آج امریکی سفیر سے ملاقاتیں کرتے پھر رہے ہیں۔ نو مئی کے تمام کرداروں کو سب جانتے ہیں۔