سی ڈی اے لینڈ ریکارڈ 6 ماہ میں ڈیجیٹلائزکرے، وزیر داخلہ کا حکم

سی ڈی اے  لینڈ ریکارڈ 6 ماہ میں ڈیجیٹلائزکرے، وزیر داخلہ کا حکم

 چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ و وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سی ڈی اے کو 6ماہ میں لینڈ ریکارڈ ڈیجیٹلائزڈ کرنے کا حکم دیدیا۔

محسن نقوی نے سی ڈی اے کا دورہ کیا جہاں 3گھنٹے کا طویل اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کو سی ڈی اے میں رقم ادائیگی کے باوجو د پلاٹ نہیں ملے ان کو فوری طور پرپلاٹس دئیے جائیں ۔ شہریوں سے زیادتی قطعاً قبول نہیں ۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کی اراضی کا ریکارڈ ڈیجیٹلائزڈ کرنے کا حکم دیتے ہو ئے سی ڈی اے کو 6 ماہ میں لینڈ ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا ٹاسک سونپ دیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ شہریوں کے لئے زیادہ سے زیادہ خدمات آن لائن فراہم کی جائیں اور 3ماہ کے اندر سمارٹ ایپ فعال کی جائے۔ وزیر داخلہ نے شہریوں کی سہولت کے لئے کال سینٹر کی سہولت کی دستیابی کو ہمہ وقت یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ گرین بیلٹس پر سائیکلنگ اور واکنگ ٹریکس بنانے کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے اسلام آباد میں لینڈ سکیپنگ اور خوبصورت بنانے کا پلان طلب کر لیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈپلومیٹک انکلیو کو شہر کا سب سے خوبصورت علاقہ بنا ئیں گے۔ محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو کی لینڈ سکیپنگ کا کام 3 ماہ میں مکمل کرنے کا ٹاسک د ے دیا۔ انہوںنے کہا کہ سی ڈی اے نئے سیکٹرز کے آغاز پر کام شروع کرے، جن سیکٹرز میں ابھی تک لوگوں کو قبضہ نہیں دیا گیا اس میں مزید تاخیر برداشت نہیں ہو گی۔ وفاقی وزیر داخلہ کا سی ڈی اے کے سینئر افسران سے تعارف کرایا گیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سی ڈی اے کے لان میں پودا بھی لگایا۔وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا، آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی،ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نوازمیمن، ڈائریکٹر ایڈمن آئی سی ٹی اور سی ڈی اے کے تمام ممبران اجلاس میں شر یک ہوئے ۔ محسن نقوی کا تقریب کے آخر میں کہنا تھا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ہم سب کا شہر ہے اس کی خوب صورتی کے لئے مجھ سے جو بھی ہو سکا ضرور کروں گا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *